بھارت کی سیاستدان اور اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے باعث انہیں سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کو گزشتہ روز سر گنگا رام اسپتال میں ایڈمٹ کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کی طبیعت اب بہتر ہے اور ممکنہ طور پر انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔ کانگریس کی سینئر رہنما نے دسمبر 2024 میں اپنی 78ویں سالگرہ منائی تھی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں اور فی الحال کسی قسم کی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔
اس سے قبل بھارت کی ریاست اڈیشہ میں پولیس کی جانب سے ایک فوجی افسر اور اس کی منگیتر کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ سرخیوں میں آنے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مذکورہ معاملے پر بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اڈیشہ میں پیش آنے والا واقعہ شرمناک تھا۔ ”اڈیشہ میں پولیس سے مدد طلب کرنے کے لئے جانے والے فوجی افسر کی منگیتر کے ساتھ پولیس نے جس طرح بربریت اور جنسی تشدد کیا، اس سے پورا ملک حیران ہے۔“
کانگریس جنرل سکریٹری کی جانب سے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ایودھیا کے ایک واقعہ کا بھی تذکرہ کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ”ایودھیا میں متاثرہ دلت لڑکی کے ساتھ پولیس نے ناانصافی والا برتاؤ کیا اور انصاف دلانے کی جگہ اس پر ہی دباؤ ڈالا، کیونکہ خبروں کے مطابق ملزم کا تعلق بی جے پی سے تھا۔“
’الیکشن جیت گیا تو پرینکا گاندھی کے گالوں جیسی سڑکیں بناؤں گا‘
کانگریس جنرل سیکریٹری نے پولیس کے ذریعہ ناانصافی سے متعلق اس طرح کے معاملوں پر بی جے پی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں حکمران جماعت بی جے پی کی حکومتیں پولیس کو محافظ سے حیوان بنا دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔