اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما کے بیٹوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔
اے این ایف کے ذرایع کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ ایم ون کے قریب منشیات کے اسمگلروں کے خلاف ایک اہم کارروائی کی گئی ہے، جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک رہنما کے دو بیٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمان کو 3 گاڑیوں میں منشیا ت کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے، یہ کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
ذرایع نے بتایا کہ کارروائی میں ضلع خیبر کے اے این پی رہنما عمران آفریدی کے 2 بیٹے کامران اور عرفان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں اے این پی رہنما کا بھتیجا فیضان اور جوہر آفریدی بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع
اے این ایف کے مطابق جن 3 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے ان میں 2 بی ایم ڈبلیو اور سرف شامل ہیں، 128 کلو چرس اور افیون پشاور سے اسلام آباد اسمگل کی جا رہی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے پنجاب کے رہنما رانا ثنا اللہ کو بھی منشیات کیس میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
چار دن قبل منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا کو انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا لیکن جج کی عدم موجودگی کے باعث ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک توسیع کی گئی۔