پٹنہ: بالی ووڈ کے معروف اداکار اور سماجی کاموں کے لیے مشہور سونو سود نے ایک گریجویٹ لڑکی پریانکا گپتا کو چائے اسٹال کے لیے جگہ دلا کر بڑی مشکل حل کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے شہر پٹنہ میں چائے کا اسٹال چلانے والی پریانکا گپتا اس وقت سخت مشکل میں گرفتار ہو گئی تھیں جب ان کا اسٹال تجاوزات کے خلاف مہم کی زد میں آ گیا تھا۔
جب سونو سود کو اس کا علم ہوا تو انھوں نے لڑکی کی مدد کے لیے فوراً اپنا ہاتھ آگے بڑھا دیا، انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ بھی کیا۔
चाय उधार रही प्रियंका
मिलते हैं जल्द☕️ https://t.co/x27oP7TibU— sonu sood (@SonuSood) November 22, 2022
سونو سود نے لکھا کہ پریانکا کی چائے کی دکان کے لیے جگہ کا انتظام کر دیا گیا ہے، اب پریانکا کو وہاں سے کوئی نہیں ہٹائے گا۔ اداکار نے ازراہ تفنن یہ بھی لکھا کہ بہار آ کر جلد ہی آپ کے ہاتھ کی چائے پیتے ہیں۔
دراصل حال ہی میں پٹنہ میونسپل کارپوریشن نے اینٹی اینکروچمنٹ کمپین کے تحت پریانکا کی چائے کی دکان کو ختم کر دیا تھا، اس کے بعد پریانکا نے اپنا ویڈیو بنا کر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اسے بار بار پریشان کیا جا رہا ہے، جس سے وہ اپنا بزنس نہیں چلا پا رہی ہے۔