انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے پیشگوئی کی ہے کہ بہت جلد بھارتی کرکٹ ٹیم میں ویرات کوہلی اور روہت شرما موجود نہیں ہونگے۔
بھارتی کرکٹ کے دو سپراسٹارز جو ماضی میں ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے، اب ان کے پاس اپنے ملک کی خدمت کے لیے زیادہ وقت نہیں بچا کیوں کہ دنوں آؤٹ آف فارم ہونے کے ساتھ ساتھ بڑی عمر کو پہنچ رہے ہیں، کوہلی 36 جبکہ روہت 37 سال کے ہوچکے ہیں۔
دونوں اس وقت جس طرح کی بری فارم سے دوچار ہیں کرکٹ ماہرین اورشائقین سمجھتے ہیں کہ اب دونوں کی ریٹائرمنٹ زیادہ دور نہیں ہے، انگلینڈ کے خلاف روہت صرف 2 رنز بناسکے جبکہ کوہلی ان فٹ ہونے کے باعث یہ میچ نہیں کھیل سکے۔
سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے کہا کہ کل میڈیا سے بات چیت کے دوران بھی میں نے کہا تھا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی انسان ہیں وہ بھی ناکام ہو سکتے ہیں۔
پیٹرسن نے کہا کہ یہ جدید دور کے عظیم کھلاڑی ہیں لیکن ایک وقت آئے گا جب جلد ہی کوئی ویرات کوہلی کوئی روہت شرما بھارتی ٹیم میں نہیں ہوگا، یہ بھارتی کرکٹ کے لیے ایک افسوسناک دن ہو گا۔ اس ابھی ان کی کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ انجوائے کریں۔
اس سے قبل سابق بھارتی کرکٹر یوگراج سنگھ کوہلی اور روہت کےلیے کہہ چکے ہیں کہ آپ کبھی بھی گیم سے بڑے نہیں ہوسکتے، نہ ہی سر ویوین رچرڈز نہ ہی سر ڈان بریڈمین وہ کبھی بھی کرکٹ سے بڑے نہیں رہے اور نہ ہی کوئی پلیئر کرکٹ سے بڑا بن سکتا ہے۔