پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

مسقط: عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے عمان آنے والوں کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔

عمان پہنچنے والے اور عمان سے سفر کے لیے جانے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت ایئرپورٹ پر چیک کیا جائے گا اور جن افراد میں کرونا وائرس کی علامات ہوں گی انہیں مزید چیک کیا جائے گا۔

- Advertisement -

عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔

غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔

عمان پہنچنے والوں کو کوویڈ مانیٹرنگ موبائل ایپ پر خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔

عمان پہنچنے والا فضائی عملہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا تاہم انہیں دیگر احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

عمان پہنچنے والے غیر ملکی سفارت کار اپنے گھر میں 14 روزہ قرنطینہ گزار سکتے ہیں۔

سیکیورٹی چیک پوسٹس پر رش سے بچنے کے لیے مسافروں کو صرف ایک ہینڈ بیگ اور ایک ڈیوٹی فری بیگ لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

عمان سے سفر کرنے والوں کو 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا ہوگا، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عمان کے ایئر پورٹس پر صرف سفر کرنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، ان کے ساتھ دیگر افراد کا رخصت کرنے کے لیے آنا ممنوع ہوگا۔

ایئر پورٹ میں داخلے کے وقت اور طیارے میں سفر کے دوران تمام وقت صحیح طریقے سے ماسک پہنے رکھنا ضروری ہوگا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف کے کہنے پر یا پاسپورٹ ڈیسک کی ضرورت کے مطابق ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات لازمی اپنانے ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں