بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا: مشترکہ اعلامیہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت علما کرام اور دیگر محکموں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے اجتماعات میں احتیاطی تدابیر اور مسلکی رواداری کے فروغ پر زور دیا گیا۔

محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام مکاتب فکر محبت، رواداری، افہام و تفہیم قائم رکھنے کی خلوص دل سے کو شش کریں گے، اور مسلکی تنازعات باہم مشاورت اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے طے کیے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق عوامی پلیٹ فارمز سے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے اجتناب کیا جائے گا، وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے محرم میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ علما واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بھی دنیا تک پہنچائیں، ملک دشمن عناصر مسلکی تعصب کو ہوا دے کر انتشار پھیلاتے ہیں، اکابر اور علما ان انتشار پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔

پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کسی سوچ اور فکر کو اپنانا غلط نہیں، بلکہ دوسروں پر اسے مسلط کرنا غلط ہے۔

انھوں نے وبا کے حوالے سے کہا کہ کرونا وبا کی صورت حال بہتر ہے لیکن لاپرواہی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے مسلکی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہم آہنگی کو عام کیا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں