نئی دہلی: بھارت میں پولیس کے اہلکار کے گھر چوری کی انوکھی واردات ہوئی، چور سامان چرا کر معافی نامہ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں پولیس اہلکار کے گھر سے قیمتی سامان چوری کرنے والا چور معافی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
چور نے معافی نامے میں لکھا کہ ’معذرت دوست مجبوری تھی، میں بے بس تھا، ایک دوست کی جان بچانے کے لیے چوری کررہا ہوں، چوری شدہ رقم واپس کردوں گا۔‘
چور نے لکھا کہ ’اگر میں یہ کام نہ کرتا تو میرا دوست اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا، فکر نہ کرو، جیسے ہی مجھے پیسے ملیں گے میں اسے واپس کردوں گا۔‘
پولیس کے مطابق چھتیس گڑھ میں تعینات پولیس اہلکار کے گھر سے قیمتی سامان چوری کیا گیا ہے، اہلکار بھنڈ میں رہائش پذیر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار کی اہلیہ اور بچے کسی رشتے دار کے گھر گئے ہوئے تھے جب وہ واپس آئے تو دیکھا کہ تالے ٹوٹے ہوئے تھے، چیزیں بکھری پڑی تھیں اور زیورات غائب تھے۔
معذرت کے نوٹ کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہے کہ کوئی قریبی شخص ہی چوری میں ملوث ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تفتیش جاری ہے۔