سارو گنگولی نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹاپ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔
سابق بھارتی کپتان گنگولی نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی پیشگوئی کی ہے۔
گنگولی نے اپنے یقین کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سب سے آگے ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہم میچوں میں نیوزی لینڈ کو کم سمجھنا ایک غلطی ہوگی۔
سابق کرکٹر کی پیش گوئیاں یہیں ختم نہیں ہوئیں بلکہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے سیمی فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لے گی۔
ان کے مطابق، بھارت بمقابلہ پاکستان کا سیمی فائنل شائقین کرکٹ کے لیے ایک اعزاز ہوگا، خاص طور پر اگر یہ مشہور ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پانچ کا انتخاب کروں گا اور پاکستان کو بھی شامل کروں گا پاکستان بہتر طور پر کوالیفائی کر لے تاکہ ہمارا ایڈن گارڈنز میں بھارت اور پاکستان کا سیمی فائنل ہو۔
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے فکسچر کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس کے ساتھ میگا ایونٹ کے 10 مقامات بھی شامل ہیں جو اس سال کے آخر میں 46 دنوں پر محیط ہوں گے۔
احمد آباد میں اتوار 15 اکتوبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹاکرا شیڈول ہے۔