جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

تیسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف کلین سوئپ

اشتہار

حیرت انگیز

جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے فتح حاصل کر کے سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن سیریز میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

پوری سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں نے بدترین کارکردگی دکھائی، اظہر علی نے 3 میچوں میں صرف 59 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد نے 3 میچز میں 112 رنز جبکہ امام الحق نے سیریز میں 149 رنز بنائے۔

میچ کے تیسرے روز (گزشتہ روز) قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے، قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 228 رنز درکار تھے تاہم بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا رہی تھی۔

دوسری اننگز میں اوپنرز نے 67 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا۔ امام الحق 35 اور شان مسعود 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

قبل ازیں جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے وکٹ کیپر کوئن ٹن ڈی کاک کی شاندار سنچری کی بدولت 303 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کوئن ٹن ڈی کاک نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، انہیں شاداب خان نے حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ فلینڈر 17 اور ربادا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد عامر نے 2، عباس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، کپتان سرفراز احمد نے 50 جبکہ بابر اعظم 49 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنزبنائے تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

یاد رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقہ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی جسے آج جنوبی افریقہ نے کلین سوئپ میں بدل لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں