گوا ہاٹی : ساؤتھ ایشیئن گیمزمیں پاکستان کی لیانا کیتھرین سوان نے سوئمنگ ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر گوہاٹی میں جاری ساؤتھ ایشیئن گیمز کے خواتین کے سوئمنگ مقابلے میں پاکستان کی تیراک لیانا کیتھرین سوان نے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
لیانا کیتھرین سوان نے دوسو میٹر کی بریسٹ اسٹروک ریس میں مقررہ فاصلہ دو منٹ 48 سیکنڈ اور 85 ملی سیکنڈ میں طے کیا۔
مذکورہ مقابلے میں سری لنکا کی حسنتھی نوگا ویلا نے دوسری اور بنگلہ دیش کی رومانہ اختر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم نے 4x 100 میٹر کی فری اسٹائل ریس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیاہے، جبکہ سری لنکا نے چاندی اور بھارت نے سونے کے میڈل حاصل کئے۔
مجموعی طور پر بھارت چار گولڈ میڈل اور تین سلور میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا نے تین گولڈ میڈل پانچ چاندی اور تین کانسی کے تمغے حاصل کئے ہیں۔