سیئول: جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹری کی فیکٹری میں بیٹریاں پھٹنے سے ہونے والی آتش زدگی کے باعث 18 چینیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر ہواسیونگ میں پیر کی صبح لیتھیم بیٹری فیکٹری میں خوف ناک آتش زدگی کے نتیجے میں بائیس ملازمین بری طرح جھلس کر ہلاک جب کہ متعدد کی حالت غیر ہو گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق آگ فیکٹری کے گودام میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم جائے وقوعہ کی ویڈیو میں عمارت سے دھواں بدستور اٹھتا دکھائی دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آگ گودام کے اندر بیٹری سیلز کے پھٹنے سے لگی، اس گوادم میں تقریباً 35 ہزار بیٹریاں رکھی ہوئی تھیں، تاہم بیٹری پھٹنے کی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
فائر حکام کے مطابق مرنے والوں میں 18 چینی، ایک لاؤشین اور 2 جنوبی کوریائی کارکن شامل ہیں۔ زیادہ تر لاشیں بری طرح جل چکی ہیں اس لیے ہر ایک کی شناخت میں کچھ وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا لیتھیم بیٹریاں بنانے والا ایک بڑا ملک ہے، یہ بیٹریاں الیکٹرک گاڑیوں سے لے کر لیپ ٹاپ تک بہت سی اشیا میں استعمال ہوتی ہیں۔