جنوبی کوریا کی حکمران پارٹی کے ایک پالیسی سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں کتے کا گوشت کھانے پر پابندی لگانے جارہے ہیں اور اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت کے پالیسی سربراہ کا کہنا تھا کہ کتے کو کھانے کے کوریائی عمل کو بیرون ملک سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن گھریلو سطح پر بھی خاص طور پر نوجوان نسل کی طرف سے مخالفت بڑھ رہی ہے۔
حکمران پیپلز پاور پارٹی کے پالیسی چیف کا حکومتی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ کتے کے گوشت کے استعمال کے بارے میں سماجی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے ایک خصوصی ایکٹ کے ذریعے اسے ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور حکمراں جماعت اس سال پابندی کے نفاذ کے لیے ایک بل پیش کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ متوقع دو طرفہ حمایت کے ساتھ، بل کو پارلیمنٹ کے ذریعے پاس کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پابندی پر تیزی سے عمل درآمد کرے گی اور کتوں کے گوشت کی صنعت سے وابستہ افراد کو اپنا کاروبار بند کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ جزیرہ نما کوریا میں کتے کا گوشت کھانا ایک پرانا رواج رہا ہے اور اسے گرمی کو شکست دینے کے طریقے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
لیکن یہ جنوبی کوریا میں پہلے کے مقابلے میں اس کا رواج اب بہت کم عام ہے، اب بھی کچھ بوڑھے لوگ کھاتے ہیں اور کچھ مخصوص ریستوراں میں اسے پیش کیا جاتا ہے۔