ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے خواب کی آج عملی تعبیر کا آغاز ہوچکا ہے، بحیثیت منتخب نمائندہ جنوبی پنجاب وزیراعظم کا مشکور ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے صوبے کے خواب کی آج عملی تعبیر کا آغاز ہوچکا۔
جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، آئی جی کی تعیناتی ہوچکی، جنوبی پنجاب والوں کو اب اپنےکاموں کیلئے میں لاہور نہیں جانا پڑے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامی معاملات اب ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوں گے، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے متعلق انتہائی اہم قدم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ این ایف سی کی طرح پرونشل فنانس ایوارڈ بھی انتہائی ضروری ہے، پی ایف سی سے ضلعوں کو آبادی، ضروریات، محرومیوں کے مطابق فنڈز ملیں گے، اب ماضی کی طرح جنوبی پنجاب کے فنڈز دوسری مد میں خرچ نہیں ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اب جنوبی پنجاب کا پیسہ صرف جنوبی پنجاب پرخرچ ہوگا اور جنوبی پنجاب والوں کو ان کے گھروں کے قریب انصاف میسر آئے گا۔