پشاور: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک میجر جاں بحق جبکہ 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی زد میں آکر میجر عمران جاں بحق ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 6 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں ایک لیفٹننٹ بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
واضح رہے کہ سنہ 2014 میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔ آپریشن میں بیشتر علاقے کو اب کلیئر کیا جا چکا ہے تاہم سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہیں۔