میڈرڈ: کرونا وائرس کی عالم گیر وبا کے بعد معاملات زندگی پھر سے معمول پر لانے کے لیے اسپین نے کئی منصوبے تیار کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپین کی حکومت نے سینیما، کنسرٹس، اور میلے ٹھیلوں میں شرکت کے لیے نوجوانوںکو رقوم فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
منصوبے کے مطابق اسپین میں 18 سال کے ہر نوجوان کو 78 ہزار کی رقم دی جائے گی، اس رقم کو شہری تھیٹر، سینیما، کنسرٹس اور دیگر ثقافتی میلوں پر جانے کے لیے خرچ کریں گے۔
بل فائٹنگ اسپین کا بہت بڑا تہوار اور ثقافتی میلہ ہے، یہ ہسپانوی ثقافت کا قدیم اور روایتی حصہ قرار دیا جاتا ہے، حکومت نے جو منصوبہ ترتیب دیا ہے اس میں بل فائٹنگ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ہسپانوی حکومت کے مطابق یہ منصوبہ 160 ملین یورو پر مشتمل ہے اور اسپین کے 5 لاکھ سے زائد لوگ اس آفر کے اہل ہیں۔
تاہم، اسپین کے 2022 کے قومی بجٹ میں جو فیصلے کیے گئے تھے، ان میں سے کچھ متنازعہ ہو گئے تھے، یہ منصوبہ بھی انھی متنازعہ اقدامات میں سے ایک ہے، اور اس پر اگلے ہفتے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
واضح رہے کہ فرانس اور اٹلی بھی اپنی ثقافت کے مختلف شعبوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اسی طرح کے منصوبے ترتیب دے رہے ہیں۔