ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

میڈرڈ: ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا۔

روئٹرز کے مطابق ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی نے اسپین کے دورے کے موقع پر میڈرڈ میں انتہائی دائیں بازو کی ایک ریلی میں خطاب کے دوران ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ بگونیا گومیز کو ’کرپٹ‘ کہہ دیا تھا، جس پر اسپین نے اتوار کو بیونس آئرس سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا ہے۔

ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی نے اپنی تقریر میں سوشلزم کو بھی ’’ملعون اور سرطانی‘‘ قرار دیا، کیوں ہسپانوی وزیر اعظم ایک سوشلسٹ پارٹی کی قیادت کرتے ہیں، اس بیان پر ہسپانوی وزیر خارجہ حوز مینوئل البرز نے کہا کہ وہ مِلئی سے معافی کی توقع رکھتے ہیں، دیگر وزرا نے بھی مِلئی کی تقریر کی مذمت کی۔

ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی

وزیر خارجہ البرز نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اپنے رویے سے مِلئی نے اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان تعلقات کو حالیہ تاریخ کی سنگین ترین حالت میں پہنچا دیا ہے۔

دوسری طرف حاویئر مِلئی کے ترجمان نے اتوار کو ارجنٹائن کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صدر معافی نہیں مانگیں گے، بلکہ ہسپانوی حکام ان کے خلاف توہین آمیز بیانات واپس لیں۔

روئٹرز نے لکھا ہے کہ حاویئر مِلئی نے اپنے دورے کے دوران سفارتی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپین کے بادشاہ فیلپ اور سانچیز سے ملنے سے انکار کیا، اور اس کی بجائے ووکس پارٹی کے لیڈر سنتیاگو اباسکل کے ساتھ ریلی میں اپنی کتاب کی تشہیر کو ترجیح دی۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے سوشل میسجنگ ایپ X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’ہماری ثقافت میں سیاسی رہنماؤں کے خاندان کے افراد کے خلاف حملوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ میڈرڈ شہر کی ایک عدالت نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کے خلاف اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال اور کاروباری بدعنوانی کے الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں