میڈرڈ: اسپین کو پچاس برسوں کے شدید ترین برفانی طوفان نے گھیر لیا ہے، جس میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین میں برفانی طوفان نے نظام زندگی مکمل مفلوج کر دیا ہے، طوفان کے باعث ٹرین، فضائی سروس بند ہو گئی ہے، جب کہ مزید برف باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
برفانی طوفان فلومینا نے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کی زندگی کو مکمل طور پر منجمد کر دیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ 50 برسوں کا سب سے شدید برفانی طوفان ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر بالکل نہ نکلیں۔
ہسپانوی حکومت کا کہنا ہے کہ میڈرڈ اور قرب و جوار کے علاقے پوری طرح برف باری سے مفلوج ہو چکے ہیں، اور جگہ جگہ ہزاروں مسافر اپنی گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
برفانی طوفان فلومینا جمعے کو اسپین سے ٹکرایا تھا، ایسی برف باری 1971 کے بعد سے کبھی نہیں دیکھی گئی، موسمیاتی ادارے نے بتایا کہ رات بھر برف باری ہوتی رہی اور اگلے دن ہفتے کو میڈرڈ میں 50 سینٹی میٹر برف پڑ چکی تھی۔
اسپین کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہفتے کی صبح کو فوینخیرولا ٹاؤن میں ایک کار پھسل کر دریا میں گر گئی تھی جس میں ایک آدمی اور ایک عورت سوار ہلاک ہوئے، میڈرڈ کے گاؤں زار زلیجو میں ایک شخص برف میں دفن ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ ہفتے کو ایک بے گھر شخص کی کارابانخل میں بھی موت ہو گئی تھی تاہم وہ دل کے دورے سے مرا تھا، ٹھنڈ سے نہیں۔
واضح رہے کہ اسپین میں 5 صوبوں ویلنسیا، کاسٹیلن، ٹیراگونا، ٹیرئل اور زاراگوزا میں برفانی طوفان سے ریڈ الرٹ کیا گیا ہے۔