میڈرڈ: اسپین نے بھارت سے اسرائیل جانے والا اسلحے سے بھرا جہاز لنگر انداز ہونے سے روک دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین نے بھارت سے دھماکا خیز مواد لے کر اسرائیل جانے والے بحری جہاز کو اپنی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ہسپانوی ٹرانسپورٹ کے وزیر نے جمعرات کو بتایا کہ ڈنمارک کے جھنڈے والا جہاز 27 ٹن دھماکا خیز مواد بھارت کے چنئی بندرگاہ سے اسرائیل کی بندرگاہ حیفہ لے جا رہا تھا۔
ہسپانوی وزیر خارجہ حوز مینوئل کا کہنا ہے کہ اسپین اسرائیل کے لیے ہتھیاروں سے لدے بحری جہازوں کو اپنی بندرگاہوں پر آنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ہسپانوی اخبار کے مطابق ہو سکتا ہے کہ بحری جہاز نے بحیرہ احمر کے راستے اسرائیل میں داخل ہونے سے گریز کیا ہو جہاں یمن کے حوثیوں کا قبضہ ہے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے کہا یہ پہلی بار ہے جب ہم نے ایسا کیا ہے کیوں کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی کھیپ لے جانے والے جہاز کا پتا لگایا ہے جو ہسپانوی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونا چاہتا تھا۔