میونخ : یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ میں کھیلے جانے والے یورو کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس اور اسپین کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔
دونوں ٹیموں جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے، کھیل کے پہلے ہاف کے 8ویں منٹ میں پہلا گول فرانس کی جانب سے کولو میوانی کیا، تاہم فرانس کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
جواب میں اسپین کے فٹبالر یامل نے کھیل کے 21 ویں منٹ میں پہلا گول کیا، اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا اور 25 ویں منٹ میں اسپین کی جانب سے الموز نے ایک اور گول کرکے فرانس پر سبقت حاصل کرلی۔
فاتح ٹیم اسپین کے یامل یورپین چیمپیئن شپ کی تاریخ میں سب سے کم عمر گول اسکورر بن گئے ہیں، انہوں نے16 سال اور 362 دن کی عمر میں گول کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے گول کرنے کی بھرپور کوششیں جاری رہیں تاہم کامیابی کسی کے حصے میں نہ آسکی، مچ کے تینوں گول پہلے ہاف میں ہوئے۔
یاد رہے کہ یورو فٹبال کپ 2024 کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے جرمنی کو شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے مابین مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا، اسپین نے ایکسٹرا ٹائم کے آخری منٹ میں گول کرکے کامیابی سمیٹ لی تھی۔