میڈرڈ: اسپین میں ایک دریا نے اس وقت شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا جب اس کا پانی گہرے سبز رنگ میں تبدیل ہوگیا۔
اسپین کے شہر سیئو ڈی اورگیل میں موجود اس دریا کا پانی گہرے سبز رنگ کا ہوگیا جس سے شہریوں کو خدشہ پیدا ہوا کہ شاید اس میں کسی قسم کے زہریلے مواد کی آمیزش ہوگئی ہے۔
تاہم تھوڑی دیر بعد ہی سیئو ڈی اورگیل کے میئر البرٹ باٹلا نے تمام افواہوں اور خدشات کی تردید کردی۔
انہوں نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومت کی جانب سے دریا میں سبز رنگ کی آمیزش کی گئی ہے۔ یہ آمیزش پانی کے معیار کی جانچ کرنے والے ٹیسٹ کا حصہ ہے۔
میئر نے بتایا کہ دریا میں شامل کیا جانے والا یہ رنگ بالکل بے ضرر ہے اور اس میں کسی قسم کے نقصان دہ عناصر شامل نہیں۔
علاوہ ازیں یہ کچھ دنوں میں خود ہی تحلیل ہوجائے گا جس کے بعد دریا کا پانی اپنی معمول کی رنگت پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ اس تحقیقی جانچ کا حصہ تھا جو دریا کے قریب واقع آرنسل واٹر پلانٹ پر کیا جارہا تھا۔
اس پلانٹ میں گزشتہ برس آلودہ مواد شامل ہوگئے تھے جس نے شہر کی بڑی آبادی کو گیسٹرو کے مرض میں مبتلا کردیا تھا۔