لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ماسک نہ پہننے والے ممبران کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ماسک نہ پہننے والے ممبران کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کا ن لیگ،ق لیگ یا پی ٹی آئی نہیں بلکہ سب پر حملہ ہے۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا اب بھی کہہ رہا ہوں بغیر ماسک پہنے ایوان میں نہ آئیں، ماسک اور احتیاط کرنے میں سب کا ہی بھلا ہے تاکہ کرونا سے بچا جا سکے۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پرویز الہیٰ نے صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک ایوان میں موجود کیوں نہیں ہیں،سوال جواب ان کے محکمے کے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں سردار عثمان بزدار اور چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت کرونا صورتحال اور فلاح عامہ پر بات چیت کی گئی تھی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے ایک تھے اور ایک رہیں گے،مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے،ساتھ لے کر چلیں گے،غلط فہمیاں پیدا کرنےکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔