صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت فوج کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے بندوق اٹھانے کا کہتے ہیں مگر ہم امن چاہتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، کچھ لوگ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کررہے ہیں، فوجی جوانوں نے قیام امن کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈے میں دوسرے ممالک کی سازشیں شامل ہیں، تحریک انصاف حکومت نے پختونوں کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی۔
مزید پڑھیں: عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات کے ثمرات جلد ملیں گے، اسد قیصر
اسد قیصر نے کہا کہ مجھ سمیت ملک کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے، ہماری معیشت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تباہ ہوئی، فوجی جوان اس قوم کے بچے ہیں۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل اسد قیصر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے ثمرات جلد ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت دور حاضر کے چیلنجوں کے مطابق ذہین نوجوانوں کی صلاحتیں بہتر بنانے کے لیے ایک تعلیمی پالیسی تشکیل دینے پرکام کررہی ہے۔