لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف عدم اعتماد کا علم نہیں، کوئی لانا چاہتا ہے تو اس کا حق ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کا پروڈکشن آرڈر کبھی نہیں روکا، وہ بیماری کی وجہ سے ایوان میں نہیں آتے، مجھ سے زیادہ پروڈکشن آرڈر کس اسپیکر نے جاری کیے۔
اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم، قائد حزب اختلاف دونوں کو ایوان میں زیادہ آنا چاہئے، پارلیمان چلے گا تو جمہوریت چلے گی، عوامی مسائل حل ہوں گے، اپوزیشن کو ہمیشہ زیادہ وقت دیا، کبھی حکومت ناراض تو کبھی اپوزیشن کو شکوہ رہتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ سال قانون سازی کا سال ہوگا، پرائیویٹ بلز کے معاملے پر جلد کمیٹی نوٹیفائی کردی جائے گی۔
انہوں ںے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب ڈیلیور کریں گے، اراکین قومی اسمبلی نے عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا تھا، ملک معاشی طور پر مستحکم ہورہا ہے، وہ دن قریب آگیا ہے جب افغانستان میں امن ہوگا، ہم چاہتے ہیں افغان عوام اپنے فیصلے خود کرے۔