جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

اہم امور پر قانون سازی، حکومت کا اپوزیشن لیڈر سے رابطہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے اہم امور پر قانون سازی کے لئے ایک بار پھر اپوزیشن سے باضابطہ رابطہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا ہے، جس میں اسد قیصر نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو وسیع تر قومی مفاد کو مدنظر رکھنا ہوگا، مشترکہ مفادات کی اہم اصلاحات پر اتفاق کیلئے آگے بڑھنا چاہئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کے نام خط میں لکھا کہ الیکشنز ترمیمی بل 2021 سمیت مختلف بلز پر دوبارہ مشاورت شروع کی جائے، قانون سازی کیلئے تشکیل متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے، اپوزیشن لیڈر کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: ‏’اچانک اجلاس مؤخر، پارلیمنٹ کو تالے لگا دیں‘

اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو باورکرایا کہ اہم قانون سازی سے متعلق مختلف بلز قومی اسمبلی سےپاس ہوچکےمگر سینیٹ سے منظور نہ ہوسکے، مذکورہ بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں زیرغور آنےہیں، بلز پر غور ، ترامیم تجویز کیلئے متفقہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی کی طرف سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا، امید ہے اپوزیشن لیڈر اس عمل کو بامقصدبنانے کیلئےکردار ادا کریگی۔

خط میں کہا گیا کہ اسپیکر آفس حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کیلئے مکمل سہولت دے گا، اپوزیشن لیڈر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی اس پر دوبارہ بات چیت کرے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گذشتہ روز ہونے والا پارلیمان کا مشترکہ اجلاس مؤخر کردیا تھا،وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، ہم نیک نیتی سے کوشش کررہے ہیں کہ اتفاق رائے پیدا ہو، پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کے لیے موخر کیا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے میں اسد قیصر کو اپوزیشن سے پھر رابطے کا کہا ہے، دوبارہ رابطے کا اس لیے کہا گیا ہے کہ متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جاسکے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں