ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑ ی میں پاکستانی بھائیوں کےساتھ رہے گا،سعودی وزیراطلاعات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں سعودی وزیر اطلاعات نے مختلف شعبوں میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑ ی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں فواد چوہدری اور سعودی عرب کے سفیر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں ممالک میں تعلقات کو فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں ، ہمیشہ علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کی۔

اسدقیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پارلیمان دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔

سعودی وزیر نے مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

مزید پڑھیں : سعودی وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح پاکستان پہنچ گئے

ملاقات میں سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا،سعودی وزیر نے قید پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دہانی کراتے ہوئے کہا سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ رہے گا۔

یاد رہے گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے ہم منصب کا استقبال کیا۔

دورے میں سعودی وزیر اطلاعات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور شاہ سلمان کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو دیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں