منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

اسپیکر قومی اسمبلی نے چارٹر آف پارلیمنٹ کرنے کی تجویز دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اراکین کو چارٹر آف پارلیمنٹ کرنے کی تجویز دے دی ہے اور کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک ساتھ بیٹھ کر رولز طے کر لیں۔

اے آْر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان میں اراکین کے اظہار خیال کے بعد چارٹر آف پارلیمنٹ کرنے کی تجویز دے دی ہے اور کہا ہے کہ ہمارے لیڈر ساتھ بیٹھیں یا نہ بیٹھیں، کیا ہم ارکان پارلیمنٹ بھی ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔ ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن عزت کا بھی خیال رکھیں۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان ساتھ بیٹھ کر چارٹر آف پارلیمنٹ کے رولز طے کر لیں۔

- Advertisement -

ایاز صادق نے مزید کہا کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے استحقاق کو مجروح کیا گیا تھا۔ گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز گزشتہ روز جاری کر دیے گئے تھے جب کہ پروڈکشن آرڈرز کے بعد سیکیورٹی کے کچھ ارکان کو معطل بھی کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو واقعہ ہوا ہے، اس کی تہہ تک جانے کی کوشش کروں گا۔ اپوزیشن اور حکومت کا اسپیکر کے ساتھ بیٹھنا ضروری ہے۔ بلاول بھٹو کی تجویز کردہ کمیٹی آج ہی بنا دیتے ہیں اور اس کے ارکان کے نام بھی آج ہی فائنل کر دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اور علی الصباح اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوکر پی ٹی آئی چیئرمین گوہر ایڈووکیٹ سمیت کئی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تھا۔

اس واقعے کے خلاف گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں بڑی گرما گرمی ہوئی تھی۔ پی ٹی آئی، اپوزیشن اتحاد اور پی پی نے بھی اس کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا تھا جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کرانے اور گرفتار اراکین کو فوری رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں