لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے معطل کیے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوانے کا اعلان کر دیا۔
ملک محمد احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معطل پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواؤں گا، اپوزیشن ارکان اپنے لیڈر کی بات نہیں سنتے تو آئین مجھے حق دیتا ہے ریفرنس بھجواؤں، سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا اس ضمن میں فیصلہ بالکل واضح ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہمیشہ آئین کی پاسداری کی تلقین کی ہے، جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پاسداری پر یقین رکھتا ہوں لیکن ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ افسوسناک ہے، کل نشستوں پر 37 انتخابی عذرداریاں داخل کی گئیں، پی ٹی آئی نے 2014 میں بھی دھاندلی کے الزامات لگا کر نظام مفلوج کرنے کی کوشش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنے پر 26 اپوزیشن ارکان معطل
انہوں نے کہا کہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا ہر ایک کیلیے ضروری ہے جبکہ اسمبلی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانا میری ذمہ داری ہے، رولنگ کے باوجود اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی خلاف ورزی ہے، اسمبلی میں حکومتی جماعت کو برتری حاصل ہے، نظام کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے، ایوان میں اپوزیشن ارکان کو زیادہ سے زیادہ وقت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس اور ریڈیو پاکستان کی عمارت کو کس نے آگ لگائی؟ میانوالی جیل سے غنڈوں کو کس نے آزاد کروایا؟ اسلحہ بردار افراد کے ساتھ عدالتوں پر کس نے حملہ کیا؟ 500 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کس نے کی؟ 50 سے 60 ارکان غنڈا گردی کرتے ہوئے حکومتی بینچوں پر حملہ آور ہوئے ہیں، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کو کسی صورت مچھلی منڈی نہیں بننے دوں گا، ایوان میں کسی کو گالم گلوچ کرنے کا حق نہیں ہے، ہمیشہ ارکان اسمبلی کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، غنڈہ گردی کرنا کسی بھی رکن اسمبلی کا سیاسی حق نہیں ہے، کسی مجرم کی رہائی کیلیے اسمبلی کا تقدس داؤ پر نہیں لگانے دوں گا، پی ٹی آئی کا بیانیہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے۔