بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

وزیراعظم کی ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کولانے کے لیے خصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرملیشیا سے تین سوبیس پاکستانیوں کولانے کےلیےخصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری دے دی گئی، یہ افراد ملیشیا کی جیلوں میں اپنی قید کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کو لانے کیلئے جہاز بھجوانے کی منظوری دے دی گئی ، خصوصی جہاز بھجوانے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے دی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملائیشیاءکی جیلوں میں قید تین سو بیس پاکستانی اپنی سزا کی مدت مکمل کرچکے ہیں لیکن فروری 2019 کے آخری ہفتے میں علاقائی صورتحال کی بناء پر براہ راست پروازوں کی منسوخی کے باعث ان کی وطن واپسی ممکن نہیں ہوپائی تھی۔

ترجمان کا کہنا تھا دونوں ممالک کےدرمیان براہ راست پروازاوراخراجات نہ ہونےکےباعث اب تک جیلوں میں قید تھے، ان میں سے اکثریت ان پاکستانیوں کی ہے جنہیں ویزا کی معیاد یا رہائش کی اجازت کی مدت مکمل ہوجانے کے بعد گرفتار کیاگیا تھا۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایات دی تھیں کہ ان پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں تاکہ وہ عیدالفطر اپنے اہلخانہ کے ساتھ مناسکیں۔

ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں وزارت خارجہ نے وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا تھا جس میں پی آئی اے، سمندر پارپاکستانیوں کی وزارت اور پاکستان بیت المال کے نمائندے شامل تھے۔

ترجمان نے مزید کہا خصوصی طیارہ تمام افراد کو لیکرانتیس مئی کو اسلام آباد پہنچےگا، قیدیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے، دفترخارجہ اوربیت المال ملکرکام کررہے ہیں۔

یاد رہے متحدہ عرب امارات نے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے رمضان میں معافی دیئے جانے کے تحت 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا تھا۔

عرب میڈیا نے پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ تقریباً 262 پاکستانی قیدیوں کو ابوظہبی اور العین، 177 کو دبئی، 52 کو شارجہ، 16 کو فجیرہ اور 65 کو عَجمان کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔

واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدی رہا کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے، ابوظہبی سے 262، عجمان 65، فجیرہ 62، شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی رہا ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں