اسلام آباد: سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد ملک میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد خصوصی پولیو مہم چاروں صوبوں کے 31 اضلاع میں چلائی جا رہی ہے، خصوصی پولیو مہم پازیٹو سیوریج سیمپلز والے اضلاع میں چلائی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خصوصی پولیو مہم آؤٹ بریک رسپانس کے نام سے چلائی جا رہی ہے، چاروں صوبوں کے 6 آؤٹ بریک زونز میں 3 مراحل میں خصوصی پولیو مہم چلائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ او بی آر پولیو مہم کا پہلا فیز 30 اکتوبر تا 5 نومبر چلے گا، آؤٹ بریک رسپانس پولیو مہم سیکنڈ فیز 27 نومبر سے 2 دسمبر چلے گا، جس کا اختتامی فیز دسمبر کے آخری ہفتے ہو گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خصوصی پولیو مہم میں 1 کروڑ 8 لاکھ 2342 بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔
واضح رہے کہ رواں برس ملک بھر سے 54 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، رواں برس ملک بھر سے 4 پولیو وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔