اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف آپریشن کی اچھی طرح سے نگرانی کی جائے، مدارس میں یتیم بچوں اور علما کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پیدا شدہ صورت حال میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں، انھوں نے وزرا سے کہا کہ وہ دفاتر کے علاوہ حلقوں میں بھی ریلیف آپریشن کی نگرانی کریں، اور اپنے علاقوں میں کرونا سے متعلق اقدامات پر نظر رکھیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ وزرا مخیر حضرات کے ساتھ مل کر غریبوں کی مدد کا نظام تشکیل دیں، علاقوں میں غریب طبقے تک راشن کی رسائی ممکن بنائیں، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیتے رہیں۔
پوری قوم اورحکومت ڈاکٹرزاور ہیلتھ ورکرز کیساتھ ہے، وزیراعظم
انھوں نے مدارس میں مقیم یتیم بچوں اور علما کا بھی خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی مخیر لوگوں کے ساتھ رابطہ کریں اور غریب طبقے اور ضرورت مندوں کی مدد یقینی بنائیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ پاکستان میں صورت حال اب بھی دنیا کے دوسرے ملکوں کے مقابلے میں بہتر ہے، البتہ مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے رضاکار فورس تشکیل دی جا رہی ہے، جس کے نوجوان لوگوں کو گھروں میں کھانا اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچائیں گے۔