اسلام آباد: انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد پر چینی شہریوں کے لیے خصوصی امیگریشن کاؤنٹر قائم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آج جمعے کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چینی شہریوں کے لیے اسپیشل امیگریشن کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا۔
اس خصوصی کاؤنٹر کے ذریعے چینی مسافروں کی تیز ترین امیگریشن ہو سکے گی، اور اس کے ذریعے سی پیک ویزا ہولڈرز بھی استفادہ کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ اس خصوصی کاؤنٹر کا قیام وزیر داخلہ شیخ رشید کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، وزارت داخلہ کی طرف سے سی پیک کی علیحدہ کیٹیگری کا ویزا بھی جاری کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی کاؤنٹر کے افتتاح کے موقع پر ڈی جی ایف آئی اے بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان میں قراقرم ہائے وے پر صبح 7 بجے داسو پاور پراجیکٹ کی بس پر دھماکہ ہوا تھا، جس میں 9 چینی باشندے، 2 ایف سی اہل کار اور 2 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
داسو بس دھماکے کی تحقیقات کے لیے چینی حکام بھی پاکستان آئے، وزیر اعظم عمران خان نے داسو واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اسی سلسلے میں آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔