اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفرکیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہوگی، جس میں ایف آئی اے کی ٹیم قائد پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفرکیس کی سماعت آج اٹک جیل میں ہوگی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کےتحت قائم خصوصی عدالت کےجج ابوالحسنات ذوالقرنین سماعت کریں گے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کےجج اٹک جیل پہنچ گئے ، ابو الحسنات ذوالقرنین اپنی گاڑی خود ڈرائیو کرکے اٹک جیل پہنچے۔
دوران سماعت ایف آئی اے کی ٹیم قائدپ ی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی، وزارت قانون نے آج کیلئے سائفرکیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کی اجازت دی ہے۔
وزارت قانون و انصاف کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتیس اگست کو خط لکھا جس میں تیس اگست کوچیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کی اجازت مانگی گئی، وزارت قانون و انصاف کواس حوالے سے اعتراض نہیں ہے۔
خیال رہے سائفرکیس میں خصوصی عدالت نےچیئرمین پی ٹی آئی کا چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ مںظور کیا تھا۔