کراچی : بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت نے خصوصی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سیکڑوں پاکستانیوں کو لیکر پشاور پہنچ گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی پرواز ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز ای اے 815 دبئی سے 255 پاکستانیوں کو لیکر صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب دبئی سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور طبی جانچ کی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی جانب سے مسافروں کو مکمل سینٹائز اور اسپرے کیا گیا۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل یو اے ای حکام نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دے دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی خصوصی فلائٹ آپریشن کا آغاز زبردست اقدام ہے۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان برادر ممالک ہیں،تعریف کیلئےشکریہ ،مشکل گھڑی میں ہم سب ساتھ ہیں، بھرپور ساتھ دینے کیلئےپاکستان کےعوام آپ کےشکر گزار ہیں۔