کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بطور میزبان اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کا انعقاد این سی او سی کا اچھا فیصلہ ہے،وبا کو کنڑول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ شروع میں کچھ مشکلات درپیش تھیں،وفاق،صوبوں نے مل کر بھرپور کام کیا،اس وقت اسپتالوں اور دیگرمقامات پر انتظامات بہتر ہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام ضروری ہے،فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے مقاصد اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ کرونا کیسز اور اموات میں کمی واقع ہو ئی ہے،ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ کیسزکی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اچھا کام کیا۔این سی او سی فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔
اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور عیدا لاضحیٰ سےمتعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں،محرم کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔