وزارت ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا۔
پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کے موقع پر 5 اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کیا ہے، جس کا مقصد عید کے دوران ملک بھر کے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور محفوظ سفر فراہم کرنا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور حیدرآباد، روہڑی، ملتان اور ساہیوال کے راستے اگلے روز لاہور پہنچے گی۔
دوسری عید اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور کینٹ کے لیے روانہ ہوگی، 11 بوگیوں پر مشتمل یہ ٹرین ملتان اور ساہیوال کے راستے سفر کرتے ہوئے پشاور پہنچے گی۔
کن طلبہ کو عید گفٹ دیا جا رہا ہے؟
تیسری عید اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور خانیوال، ملتان، ساہیوال اور روہڑی کے راستے کراچی پہنچے گی۔
چوتھی عید اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سٹی اسٹیشن سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، جو 14 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور فیصل آباد، سرگودھا اور لالا موسیٰ کے راستے راولپنڈی پہنچے گی۔
پانچویں عید اسپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، یہ ٹرین تقریباً 16 بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور براستہ ملتان، فیصل آباد لاہور پہنچے گی۔
تمام خصوصی عید ٹرینیں اکانومی کلاس، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کی بوگیوں پر مشتمل ہوں گی، مسافروں کی پیشگی بکنگ کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس (ڈی ایس) کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ خصوصی ٹرینوں کی روانگی کے وقت اپنے متعلقہ اسٹیشنوں پر موجود رہ کر انتظامات کی خود نگرانی کریں۔