تازہ ترین

عید پر لذیذ پکوان کھانے سے قبل اپنی صحت کا خیال رکھیں

عید  مزے مزے کے پکوان پکانے، کھانے کھلانے اور اس بہانے اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کا موقع ہے۔

تاہم یہی ملنا ملانا اور دعوتیں اس وقت سخت مشکل میں مبتلا کردیتی ہیں جب میزبانوں کی میزبانی سے لطف اٹھاتے ہوئے اپنی صحت کو نظر انداز کردیا جائے اور سارا سال کھانوں میں کی جانے والی احتیاط اور پرہیز کو ایک طرف رکھ کر گوشت کی ڈشز پر ٹوٹ پڑا جائے۔

چونکہ عید پر بڑا گوشت، مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔


احتیاط سے کھائیں

یہ ناممکن ہے کہ آپ کسی کے گھر دعوت پر جائیں یا کوئی آپ کے گھر دعوت پر آئے اور آپ اس کے ساتھ کھانا نہ کھائیں۔ عید کے دنوں میں کھانے کو بالکل تو نہیں چھوڑا جاسکتا البتہ مقدار ضرور کم کی جاسکتی ہے۔

ان دنوں میں اپنی بھوک کو کچھ چھوڑتے ہوئے عید کے پکوان سے لطف اندوز ہوں۔


پانی کا استعمال بڑھا دیں

عید کے چٹ پٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے پانی کی کمی ہرگز نہ ہونے دیں اور موسم کی مناسبت سے پانی کا استعمال بڑھا دیں۔


سلاد ۔ لازمی جز

اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔


کولڈ ڈرنک سے گریز

کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔

اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

گو کہ ڈبے کے جوسز صحت بخش تو نہیں ہوتے تاہم یہ سوڈا ڈرنک سے بہتر ہوتے ہیں۔ کولڈ ڈرنک آپ کے معدے کو سخت نقصان پہنچانے والی شے ہے۔

مزید پڑھیں: سافٹ ڈرنکس قبل از وقت بوڑھا کرنے کا سبب


پھلوں کا استعمال

دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا رکھا جاسکتا ہے۔ دعوتوں کے درمیانی وقفوں میں پانی والے پھل جیسے تربوز کا بکثرت استعمال کریں۔


دال اور سبزی کو مت بھولیں

عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے اور گوشت کی ڈشز کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔


دہی بہترین شے

عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔


ورزش کریں

دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

Comments

- Advertisement -