سڈنی: کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے اس کی کئی علامات سامنے آئی ہیں جن میں کھانسی، نزلہ، بخار، جسم میں درد اور دیگر شامل ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ماہرین نے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ دوران کھیل اس وبا کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
آسٹریلوی ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ بالرز کی جانب سے گیند پر تھوک لگایا جاتا ہے تاکہ گیند کو چمکایا جائے ، گیند سوئنگ ہو اور وکٹ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
ماہرین نے کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ کھلاڑی میچ کے دوران گیند کو تھوک لگانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان میں کرونا وائرس کا خطرہ موجود ہوگا۔
علاوہ ازیں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز ملتوی کردی گئی ہے، بنگلہ دیش کو جون میں ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرنی تھی۔
بنگلہ دیش بورڈ حکام کے مطابق 2 ٹیسٹ کی سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ تھی، مناسب تاریخ دیکھ کر سیریز ری شیڈول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 89415 ہوگئی ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1529361 جبکہ 3337161 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔