فوڈ سیفٹی حلال فوڈ اتھارٹی نے سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، مصالحہ جات، دودھ ضبط کرنے کے بعد تلف کر دیا۔
فوڈ سیفٹی حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، مصالحہ جات، دودھ اور کھانے پینے کی مختلف اشیا پکڑ کر انہیں تلف کر دیا۔
ترجمان فوڈ سیفٹی کے مطابق پشاور میں ایک گاڑی سے 5250 کلوگرام (125 من) خراب اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا گیا۔ یہ گوشت کراچی سے لایا گیا تھا اور شہر کے مختلف شہروں میں فراہم کیا جانا تھا۔
اس کے علاوہ فوڈ اتھارٹی یونٹ نے چارسدہ، زریاب کالونی اور دیگر علاقوں میں بیکری اور مصالحہ جات یونٹس پر چھاپے مار کر 3400 کلو (85 من) مضر صحت مصالحہ جات ضبط کر لیے۔ ان مصالحوں میں چوکر، نان گریڈ فوڈ کلر اور ناقص تیل کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ایک یونٹ پر چھاپہ مار کر 100 کلو نان گریڈ فوڈ اور ناقص تیل برآمد کر کے یونٹ کو سیل بھی کر دیا۔
ترجمان کے مطابق رات گئے ڈی آئی خان ٹیم نے بھی بکھر پل پر ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے 320 لیٹر دودھ کے نمونے غیر معیاری ہونے پر تلف کر دیا۔ اس کے علاوہ مالاکنڈ میں گھی اینڈ آئل مل کی پراڈکٹس کے نمونے بھی غیرمعیاری ثابت ہونے پر ضبط کر کے مل کو سیل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔