اسلام آباد : ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنی ماضی کی اصلیت اور ذہنیت سے باہر نہیں نکل سکتے اسی لیے بے سروپا الزام ترشی کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان ہر ردعمل دیتے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ ذہنی طور پر اب بھی ستر کی دہائی میں ہی کھڑے ہیں جب انہوں نے کے ای ایس سی سے ملازمت کا آغاز کیا تھا۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ وزیر داخلہ کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ کسی کی بے ہودہ باتوں کا جواب دیں ہرغیر متعلقہ چیز کو وزیر داخلہ سے جوڑنا سیاسی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔
*ڈان لیکس: غلط خط جاری کیا گیا، ٖٖوزیرداخلہ مستعفی ہوں، خورشید شاہ
واضح رہے گزشتہ روز خورشید شاہ نے کہا تھا کہ ڈان لیکس کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہوئی جب کہ کمیشن کی رپورٹ صرف وزارتِ داخلہ نکال سکتی ہے اس لیے غلط لیٹر جاری کرنے اور اندر کی بات منظر عام پر آنے کے بعد چوہدری نثار عہدے پر رہنے کا اخلافی جواز کھو چکے ہیں۔
یاد رہے ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر کے وزیرداخلہ کے سپرد کردی تھی جس کے بعد رپورٹ وزیراعظم تک پہنچی جنہوں نے ان سفارشات پر عمل درآمد کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا جسے عسکری اور سیاسی حلقوقں کی جناب سے مسترد کردیا گیا ہے۔