لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ جیل قوانین کے تحت اب تک نواز شریف کو جیل میں ہونا چاہئے تھا، پنجاب حکومت آج کے ہی دن نواز شریف کو جیل بھیجے گی، پنجاب پولیس قانون کے مطابق اپنا کام کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو علاج کے لیے ہر ممکن سہولت دی، پنجاب حکومت قانون پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے کہ نواز شریف کی طبیعت خراب ہے، جس شخص کی حالت اتنی خراب ہے وہ جلسے جلوس میں کیسے جاسکتا ہے، عدالتی ریلیف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: حمزہ شہباز آہ و بکا کرنے کے بجائے لوٹی ہوئی دولت کا حساب دیں، شہباز گل
شہباز گل نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق مجرم کو 6 بجے تک جیل پہنچنا چاہئے، حکومت نے ن لیگ کو کہا قانون پر عملدرآمد کیا جائے، حکومت نہیں چاہتی عوام کو کوئی مشکلات ہوں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اب دھمکیاں دے رہے ہیں، وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی ایسی دھمکیاں دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کسی کے سامنے بے بس نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت کسی سے سیاسی انتقام نہیں لے رہی، ن لیگ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کیا۔