اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

روٹی، کپڑا، مکان والوں نے مکان کی جگہ بلاول ہاؤس بنائے، ترجمان پی ٹی آئی سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا، مکان والوں نے مکان کی جگہ بلاول ہاؤس بنائے، پی ٹی آئی سندھ کی قیادت پی پی کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما ناصر شاہ کے بیان پر پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ناصر حسین شاہ وزیراعلیٰ کا سن کر خوشی سے پھولے جارہے ہیں، وہ بے فکر رہیں وہ وزیراعلیٰ نہیں بن رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ لوٹ مار سامنے آنے کے بعد بھی ناصر شاہ تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ منشی کا کردار ادا کرتے رہے اب سندھ کارڈ یاد آگیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ سی پیک قوم کا منصوبہ ہے، پیپلزپارٹی کا بلاول ہاؤس نہیں ہے، جن کے کتے عوام کے پیسوں سے کھائیں وہ سندھ کی بات کررہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ ہمارے ممبران کو جو ووٹ ملے وہ عوام نے دئیے، پیپلزپارٹی کی طرح ٹھپہ مافیا نے ووٹ نہیں دئیے۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ سے انصاف کی امید ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما عدالتوں سے سرخرو ہوں گے، یقین ہے ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ترقی روکنے کے لیے کیا گیا، مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا بھی سازش ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا بغیر کسی کیس اور ثبوت کے نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، سب افواہیں ہیں، کوئی صداقت نہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہی رہیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں