اشتہار

وزیر اعظم کی کھیلوں کے تنظیمی ڈھانچے کی از سرنو تشکیل کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کھیلوں کے تنظیمی ڈھانچے کی از سرنو تشکیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کا کھیلوں کا تنظیمی ڈھانچا غیر فعال ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں ٹیلنٹ کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جائزہ اجلاس بلایا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور سینئر افسران شریک ہوئے، اجلاس میں اسپورٹس بورڈ میں کھیلوں کے فروغ اور میرٹ یقینی بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے، سفارشات کی روشنی میں نیا تنظیمی ڈھانچا بھی مرتب کیا جا رہا ہے، غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی، سفارشی کلچر کا خاتمہ کیا گیا، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا، مستحق کھلاڑیوں کو گرانٹس کی مد میں معاونت فراہم کی گئی، کھیلوں کے فروغ کے لیے اسپورٹس کوآرڈی نیشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ پوٹینشل ہے، ماضی میں کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا، لیکن سفارشی کلچر، کرپشن اور میرٹ کی حوصلہ شکنی نے کھیلوں کو تباہ کر دیا، ماضی میں نا اہلی کی وجہ سے کھیلوں میں کارکردگی غیر معیاری ہوئی۔

وزیر اعظم نے ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ اور تنظیمی ڈھانچے کی از سر نو تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا اس سے پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کا آغاز ہوگا، تنظیمی ڈھانچا غیر فعال ہونے سے ٹیلنٹ کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک آئیڈیل پلیٹ فارم میسر ہونا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں