لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ناصر جمشید پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ شاہ زیب حسن کا کیس ٹریبونل کے سپرد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں کرکٹر ناصر جمشید کو پی سی بی نے چارج شیٹ جاری کردی ہے، ناصر جمشید کو الزامات کا جواب دینے کیلئے 14 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ چارج شیٹ میں ناصر جمشید پر تحقیقات میں عدم تعاون اور تحقیقات میں رخنہ ڈالنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ناصر جمشید کی اہلیہ نے سماجی رابطے جکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی سی بی کو تنقید کانشانہ بنایا، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے ناصر جمشید کے وکیل کو جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں اور بکیز کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے ناصر جمشید کو کرائم ایجنسی نے فروری میں حراست میں لیا تھا اور وہ اپریل تک ضمانت پر رہا ہیں۔ کرکٹر ناصر جمشید پی ایس ایل سیزن 2 کا حصہ نہیں تھے بلکہ اس وقت انگلینڈ میں کوچنگ کورسز کر رہے تھے۔
علاوہ ازیں اسپاٹ فکسنگ کیس میں پانچویں کرکٹر شاہ زیب حسن کے الزامات کا دفاع کرنے کے بعد ان کا کیس ٹربیونل کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے کرکٹرز شرجیل خان اورخالد لطیف کا کیس پہلے ہی ٹریبونل کے پاس ہے۔