موسمِ بہار کی آمد کا شور ہے۔ گویا ہر کلی تبسم کو بے قرار، ہر غنچہ کھلنے کو تیار اور ہر شجر ہرا بھرا ہونے کو آمادہ ہے۔
بہار اپنے جوبن پر آئے تو ہر طرف ایک ترنگ، سرمستی، چہکار اور خوشی کا عالم ہوتا ہے۔ فضا گیت گاتی، ہوا مست و بے خود ہوجاتی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ برسوں کے دوران موسمِ بہار کے یہ مختلف رنگ ان تصاویر میں محفوظ ہیں۔
بہار کے موسم میں رنگ برنگے پھول باغات میں خوش بُو لٹاتے نظر آتے ہیں۔ شجر گویا ہرا رنگ اوڑھ لیتے ہیں۔ پاکستان میں موسمِ بہار کی مناسبت سے پھولوں کی نمائش اور میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جو خوشی و مسرت کا احساس دلاتے اور انسان کو فطرت کی طرف بلاتے ہیں۔
بدقسمتی یہ ہے کہ انسان ہی روئے زمین کو سبزہ و گل سے محروم کررہا ہے۔
حضرتِ انسان نے فطرت کی ان خوش رنگ نزاکتوں، مہکتی لطافتوں، فضا میں چہکتی عنایتوں اور شادابی کی اہمیت و افادیت سمجھتے ہوئے بھی انھیں بچانے کے لیے زبانی جمع خرچ سے نہیں بڑھا ہے اور زمین کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔
گلوبل وارمنگ، موسمی تبدیلیوں سے نڈھال روئے زمین پر درختوں کا قتل، باغات کا صفایا کیا جارہا ہے جس کے باعث زمین قدرتی آفات اور انسان امراض و سانحات کا سامنا کررہے ہیں۔
رواں سال حکومت نے موسمِ بہار کی شجر کاری مہم کے دوران ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم 30 جون تک جاری رہے گی جس کا تھیم ہے، کٹے ہوئے جنگلات کی بحالی۔