سری لنکا نے ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر امریکی کمپنی فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سری لنکا نے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی ویکسین کی ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
سری لنکا نے ہنگامی بنیادوں پر فائزر ویکسین کی 50 لاکھ ڈوزز منگوائی ہیں جس کے بعد سری لنکا جنوبی ایشیا میں فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس کے خلاف چینی دوا ساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ کووڈ ویکسین کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دے دی تھی۔ غیر مغربی ملک میں تیار ہونے والی یہ پہلی ویکسین ہے جسے ڈبلیو ایچ او نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین چین اور دوسرے 45 ممالک میں لاکھوں افراد پہلے ہی لگوا چکے ہیں، اب تک ڈبلیو ایچ او نے صرف فائزر، ایسٹرا زینیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرینا کی تیار کردہ ویکسینز کی منظوری دی ہے۔
پاکستان، افریقہ، لاطینی امریکا اور ایشیا کے دوسرے غریب ممالک کے صحت حکام نے پہلے ہی ہنگامی استعمال کے چینی ویکسین کی منظوری دے دی ہوئی ہے۔ بہت کم اعداد و شمار جاری ہونے کے سبب مختلف چینی ویکسینز کی تاثیر کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے بتایا ہے کہ سائنو فارم کی ویکسین کے اضافے سے ہیلتھ ورکرز اور دیگر افراد تک کووڈ 19 ویکسین کی رسائی کو تیز تر بنانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔