کولمبو: سری لنکا کرکٹ نے ایشین کرکٹ کونسل کو بتایا ہے کہ ہم ایشیا کپ نہیں کرا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے باضابطہ طور پر اے سی سی کو آگاہ کر کے ایشیا کپ 2022 سے معذرت کر لی، بورڈ نے کہا ایشیا کپ کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل کے حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکا انھیں بتایا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، جس کی وجہ سے ملک میں صورت حال میگا ایونٹ کے لیے ساز گار نہیں ہیں۔
اے سی سی کے مطابق سری لنکا میگا ایونٹ یو اے ای میں کرانے کا خواہاں ہے، تاہم میگا ایونٹ کے وینیو کا متبادل یو اے ای، بھارت سمیت دیگر ممالک بھی ہو سکتے ہیں، ایشیا کپ کے وینیو سے متعلق جلد اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں برس اگست اور ستمبر میں شیڈول ہے ، ای ایس پی این کے مطابق گزشتہ ہفتے تک، سری لنکا کرکٹ ملک کے گہرے معاشی اور سیاسی بحران کے باوجود ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے کافی پر اعتماد تھا۔
سری لنکا میں جاری زبردست احتجاج کا بھی کرکٹ پر کوئی اثر نہیں پڑا تھا، کیوں کہ آسٹریلیا نے جون کا زیادہ تر حصہ اور جولائی کے ابتدائی چند دن سری لنکا میں گزارے، جس میں 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے، اور اس وقت پاکستان بھی گالے میں 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے شہر میں موجود ہے۔
تاہم دو طرفہ سیریز کی میزبانی ایشیا کپ جیسے ٹورنامنٹ کی میزبانی سے بہت مختلف ہے، جو اس بار T20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، اور اس میں 9 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
اتوار کو سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے ای ایس پی این سے گفتگو میں ملک میں پیٹرول کے بحران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 2 ٹیموں کی میزبانی دس ٹیموں کی میزبانی کے مترادف نہیں ہے، آپ کو ان سب کے لیے دس بسیں ایندھن کے ساتھ فراہم کرنی ہوں گی، آپ کو ہر ٹیم کو ایندھن کے ساتھ ایک سامان والی وین، اور منیجرز کے لیے ٹرانسپورٹ دینا ہوگی، اسپانسرز کو بھی ٹرانسپورٹ دینا ہوگی، فلڈ لائٹس چلانے کے لیے جنریٹروں کا ایندھن بھی تلاش کرنا پڑے گا۔