تازہ ترین

ٹی 20 سیریز، سری لنکا نے پاکستان کو کلین سویپ کردیا

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر کلین سویپ کردیا، مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ونیندو ہسارنگا کو دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13رنز سے شکست دے دی، 148 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر  134 رنز بناسکی، حارث سہیل کے 52 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے۔

فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 27 رنز بنا کر کمارا کا شکار بنے، کپتان سرفراز احمد 17 رنز پر ہمت ہار گئے۔

عماد وسیم 3 اور آصف علی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

سری لنکا کے ڈی سلوا نے تین، کمارا نے دو اور راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیاتھا، اوشادا فرنینڈو نے نصف سنچری اسکور کی۔

سری لنکا کی ابتدائی چار وکٹیں 58 رنز پر گرنے کے بعد فرنینڈو اور داسن شناکا کے درمیان شراکت داری قائم ہوئی، داسن شناکا 12 رنز بنا کر وہاب ریاض کا نشانہ بنے اور اوشادا فرنینڈو نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سری لنکن اوپنر گناتھلاکا 8 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، سماراوکراما کو 12 رنز پر عماد وسیم نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ کے بہترین کھلاڑی راجا پکسا کو 3 رنز پر محمد عامر نے پویلین بھیجا، پریرا تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم اور وہاب ریاض کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی ہے، سری لنکن ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کا مقصد نوجوانوں کو موقع دینا ہے، پاکستانی مداحوں کا شکر گزار ہوں۔

قومی ٹیم سے احمد شہزاد، عمر اکمل اور حسنین کو ڈراپ کردیا گیا ہے ان کی جگہ حارث سہیل، عثمان شنواری اور افتخار فائنل الیون میں شامل ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ میچ جیت کر سیریز کا اچھا اختتام کریں، امید ہے پاکستان میں آئندہ بھی انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست دے دی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تھی۔

Comments

- Advertisement -