کولمبو: کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل سری لنکن ٹیم کو مشکلات نے گھیر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کے تین اہم کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں کو کل سے گال میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈی سلوا،جیفری ویندرسے اور آسیتھا فرنینڈو کورونا کا شکار ہوئے جنہیں مکمل پروٹوکول کے تحت آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کھانے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کے لئے یہ خبر کسی دھچکے سے کم نہیں، اس سے قبل مایہ ناز اسپنر پراوین جے وکراما اور اینجیلو میتھوز بھی کرونا وبا کا شکار ہوچکے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیسٹ اسکواڈ کے باقی کھلاڑیوں کی کووڈ رپورٹ منفی آئی ہے، تاہم حوصلہ افزا خبر یہ ہے کہ سابق کپتان اینجیلو میتھوز کرونا وبا سے چھٹکارہ پاچکے اور کل سے شروع ہونے والے گال ٹیسٹ میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہیں اس کے علاوہ اسپنر لکشن سنداکن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی دو ٹیسٹ کی سیریز کھیلنےکیلئےسری لنکا کےدورے پر موجود ہے، پاکستان اورسری لنکا کا پہلا ٹیسٹ سولہ جولائی سےگال میں شروع ہوگا۔