سری لنکا نے افغانستان کے خلاف ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو میں جمعہ سے شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ کے لیے بدھ کو سری لنکا کے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کے ناموں کااعلان کیا گیا ہے۔ ٹیم میں نیا خون شامل کرتے ہوئے تین نئے پلیئرز کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
نئے ٹیسٹ کپتان دھننجایا ڈی سلوا پہلی بار ٹیسٹ میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ رواں ماہ کے شروع میں بورڈ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے لیے الگ الگ کپتانوں کا تقرر کیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے نئے چیف اُپل تھرانگا نے اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ان کیپڈ فاسٹ بولر چمیکا گناسیکرا اور میلان رتھنائیکے کے ساتھ ساتھ اوپننگ بلے باز لاہیرو اُدارا کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بیٹنگ آل راؤنڈر کامندو مینڈس بھی ٹیم کا حصہ ہونگے جنھوں نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
خیال رہے کہ سری لنکا اور افغانستان ٹیسٹ میچ میں پنچجہ آمائی کے لیے پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں کولمبو میں واحد ٹیسٹ کے بعد کینڈی میں تین ون ڈے اور دمبولا میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی مدمقابل آئیں گی۔
سری لنکا اسکواڈ میں کپتان دھننجایا ڈی سلوا، کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، نشان مدوشکا، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، سدیرا سمارا وکرما، رمیش مینڈس، آسیتھا فرنینڈو، وشوا فرنینڈو، کاسون راجیتھا، کامندو مینڈس، پربت جے سوریا، لاہیرو اُدارا، چمیکا گنا سیکرا اور میلان رتھنائیکے شامل ہیں۔