کولمبو: ایشیا کپ 2022 کی میزبانی سے متعلق سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ 27 جولائی تک کونسل کو آگاہ کر دے۔
ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہے، یہ ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر کے درمیان شیڈول ہے، تاہم دوسری طرف اس وقت سری لنکا معاشی مشکلات کا شکار ہے اور ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل سری لنکا بورڈ سے رابطے میں ہے، اور ناسازگار حالات کے باوجود سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے پرامید ہے۔
تاہم اس وقت یہ کہنا مشکل ہے کہ سری لنکا ایشیا کپ کی میزبانی کر سکے گا یا نہیں، کیوں کہ ایونٹ کے لیے ابھی وقت باقی ہے۔
تمام 5 ٹیسٹ ٹیمیں سری لنکا، بھارت، پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش، ٹورنامنٹ میں شامل ہیں جب کہ ایک اور ایشیائی ٹیم کا فیصلہ 20 اگست سے ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے بعد کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والی چھٹی ٹیم متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ میں سے ایک ہوگی۔